چیف منسٹر، ڈپٹی چیف منسٹر سمیت کئی وزراء کی شرکت
ناندیڑ:۲۰؍اگست ( نامہ نگار)ناندیڑ شہر کے وشنوپوری علاقہ میں ڈاکٹر شنکر
راؤ چوہان میڈیکل کالج و ہاسپٹل کی انتہائی عالیشان عمارت تعمیر کی گئی ہے ۔
اُسی طرح شہر کے انڈسٹریل ایریا میں اُدیوگ بھون تعمیر کیا گیا ہے جبکہ
ایم آئی ڈی سی علاقہ میں آرٹی او آفس کی عمارت تعمیر کی گئی ہے ۔ شہر پر
کڑی نظررکھنے کیلئے سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب
کئے گئے ہیں جس کا کنٹرول روم ایس پی آفس میں قائم کیاگیا ہے ۔ ان سب کا
افتتاح ۲۱؍اگست کو چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان کے ہاتھوں عمل میں آئے گا ۔
اس طرح کی اطلاع ناندیڑ ضلع کے سرپرست وزیر ڈی پی ساونت نے دی ہے ۔ ناندیڑ
کے سرکاری ریسٹ ہاؤس میں منعقد پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ مذکورہ
عمارتوں کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔ تقریباً ۲۲۵؍کروڑکی لاگت سے
ترقیاتی کام
انجام دئیے گئے ہیں ۔ افتتاحی تقریب ۲۱؍اگست کو منعقد ہوگی جس
میں چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان ،ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار ، ریاستی وزیر
صحت ، وزیر صنعت ، سابقہ چیف منسٹر نارائن رانے ، اشوک راؤ چوہان ، اور
دیگر قائدین ، شرکت کریں گے ۔ ڈی پی ساونت نے کہا کہ اُسی طرح ناندیڑ شمال
حلقہ کو جنوب حلقہ سے جوڑنے والے ویسٹرن بائے پاس راستے کا سنگ بنیاد بھی
اس دن رکھا جائے گا ۔ ڈی پی ساونت نے کہا کہ آر ٹی او دفتر کی عمارت
۱۲؍کروڑ کی لاگت سے جبکہ اُدیوگ بھون کی عمارت ۱۰؍کروڑ کی لاگت سے سی سی ٹی
وی کیمرے ڈی پی ڈی سی کے فنڈ سے بٹھائے گئے ہیں ۔ میڈیکل کالج اور ہاسپٹل
کی عمارت کا کام تقریباً۲۲۵؍کروڑروپئے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے ۔ انتہائی
جدید سہولیات سے آراستہ ہاسپٹل قائم ہورہا ہے ۔ جس میں تمام تر سہولیات
موجود رہیں گی ۔ ڈی پی ساونت ، امرراجورکر وغیرہ نے آج میڈیکل کالج و
ہاسپٹل کی عمارت کا معائنہ کیا ۔